گٹر کا ڈھکن چوری کرنے، خریدنے اور بیچنے والوں کو قید کی سزا ہوگی: مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گٹر کے ڈھکن چوری کرنے، خریدنے اور بیچنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں نیا قانون متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کے تحت اس جرم میں ملوث افراد کو ایک سے 10 سال قید کی سزا دی جائے گی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ گٹر کے کھلے مین ہولز شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کی جان کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی شخص کی گٹر میں گرنے سے جان چلی گئی تو ذمہ دار افراد پر لاکھوں روپے جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ کا یہ بیان ایسے افسوسناک واقعات کے بعد سامنے آیا ہے جنہوں نے عوام کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا۔ چند روز قبل لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں داتا دربار کے قریب ایک خاتون اپنی 10 ماہ کی بچی کے ساتھ سیوریج لائن میں گر گئی تھیں، جن کی لاشیں کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد ریسکیو کی گئیں۔

اسی طرح سرگودھا میں بھی ایک کمسن بچی سیوریج نالے میں گر گئی تھی، تاہم ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچی کو بحفاظت نکال کر والد کے حوالے کر دیا۔

حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ نئے قانون کا مقصد قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ اور شہری علاقوں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔

شیئر کریں