استنبول: پاکستان اور افغان طالبان جنگ بندی برقرار رکھنے پر متفق ہوگئے۔
ترکیہ اور قطر کی ثالثی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات پر جاری مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ افغانستان، پاکستان، ترکیہ اور قطر کے نمائندوں نے 25 سے 30 اکتوبر 2025 تک استنبول میں اجلاس منعقد کئے جن کا مقصد اس جنگ بندی کو مضبوط بنانا تھا جو 18 اور 19 اکتوبر 2025 کو دوحہ میں ترکی اور قطر کی ثالثی میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان طے پائی تھی۔
اعلامیے کے مطابق تمام فریقین نے جنگ بندی کے تسلسل پر اتفاق کیا ہے، جبکہ اس پر عملدرآمد کے طریقہ کار اور آئندہ لائحہ عمل پر غور و خوض کے لیے 6 نومبر 2025ء کو استنبول میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
تمام فریقین نے ایک مشترکہ مانیٹرنگ اور تصدیقی نظام قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا، جو امن کے تسلسل کو یقینی بنائے گا اور معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی پر متعلقہ فریق کے خلاف کارروائی عمل میں لائے گا۔
مشترکہ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ ثالث ممالک ترکیہ اور قطر نے مذاکرات میں دونوں فریقوں کی سنجیدہ شمولیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنے تعاون کے عزم کو دہرایا۔

