پیٹرولیم ڈویژن وزارت خزانہ سے مشاورت اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹی فکیشن جاری کرے گا
ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں بھی 16 جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی امکان ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ 16 جنوری سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے 59 پیسے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔بتایا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 70 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت 1 روپے 82 پیسے کم ہوسکتی ہے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 8 پیسے فی لیٹر کمی کی توقع ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے لیے ورکنگ مکمل کرلی ہے، اوگرا قیمتوں میں ردوبدل کے لیے 14 جنوری کو اپنی ورکنگ پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گا، پیٹرولیم ڈویژن وزارت خزانہ سے مشاورت اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹی فکیشن جاری کرے گا۔یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے نئے سال کی آمد پر یکم جنوری سے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا گیا، جاری نوٹیفکیشن کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے 28 پیسے کمی کی گئی جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 253 روپے 17 پیسے مقرر ہوئی جس کی پرانی قیمت 263 روپے 45 پیسے تھی، اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے 57 پیسے کمی کی گئی اور فی لیٹر نئی قیمت 257 روپے 8 پیسے ہوئی، اس سے قبل فی لیٹر قیمت 265 روپے 65 پیسے تھی۔

