مسلم دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست جاری

لاہور (ویب ڈیسک): عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر اور معروف عالمِ دین مفتی تقی عثمانی کو مسلم دنیا کی دوسری سب سے بااثر شخصیت کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

اردن کے رائل انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز نے دنیا کے 500 بااثر مسلمانوں کی سالانہ فہرست جاری کی ہے، جس میں ممتاز عالمِ دین مفتی تقی عثمانی کو علمی اور دینی خدمات کے اعتراف میں دوسرا مقام دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو 2025 کی سب سے بااثر مسلم شخصیت قرار دیا گیا ہے، جب کہ مفتی تقی عثمانی کی فقہی رہنمائی، علمی بصیرت اور اسلامی بینکاری کے فروغ میں خدمات کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

اسی فہرست میں معروف مبلغ مولانا طارق جمیل بھی 50 بااثر ترین مسلم شخصیات میں شامل ہیں۔ دیگر اہم ناموں میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم اور برکینا فاسو کے صدر کیپٹن ابراہیم تراورے شامل ہیں۔

پاکستان سے شامل نمایاں شخصیات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، میر شکیل الرحمان، حامد میر، حافظ نعیم الرحمان، ڈاکٹر عمر سیف، ملالہ یوسفزئی اور دیگر ممتاز شخصیات شامل ہیں۔

واضح رہے کہ یہ فہرست دنیا بھر کے مسلم رہنماؤں کے علمی، سماجی، مذہبی اور سیاسی اثر و رسوخ کی بنیاد پر مرتب کی جاتی ہے۔

شیئر کریں