ٹی 20 ورلڈکپ: بھارت سے میچ کا بائیکاٹ، بھارتی میڈیا نے پاکستان پر ٹورنامنٹ میں پابندی لگنے کا پروپیگنڈا شروع کردیا

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے معاملے پر بھارتی میڈیا نے ایک منظم پروپیگنڈا مہم شروع کر دی ہے، جس میں پاکستان کے خلاف ممکنہ پابندیوں اور سخت اقدامات کی باتیں کی جا رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے مبینہ فیصلے کے بعد آج انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ایک اہم ورچوئل بورڈ میٹنگ متوقع ہے، جس میں پاکستان کی ٹورنامنٹ میں شرکت اور دیگر امور پر غور کیا جائے گا۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تاحال آئی سی سی کو باضابطہ طور پر کسی حتمی فیصلے سے آگاہ نہیں کیا، جس کے باعث اجلاس میں پاکستان کو ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت دیے جانے یا نہ دیے جانے سے متعلق فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا یہ دعویٰ بھی کر رہا ہے کہ اگر پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کیا تو اسے آئی سی سی کی جانب سے پابندیوں اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ بعض رپورٹس میں یہاں تک کہا جا رہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو آئندہ عالمی ٹورنامنٹس میں شرکت کے حوالے سے مشکلات پیش آ سکتی ہیں یا ممکنہ پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔

اس کے علاوہ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ پر بھاری مالی جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ آئی سی سی کے بعض بڑے رکن ممالک پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز کھیلنے سے انکار کر سکتے ہیں۔ رپورٹس میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت پر اثر پڑ سکتا ہے اور براڈکاسٹرز کو ہونے والے ممکنہ نقصان کا ازالہ بھی پی سی بی سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی تھی، تاہم حکومت کی جانب سے 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے قیاس آرائیوں اور دباؤ بڑھانے کی کوششیں سامنے آ رہی ہیں۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 6 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، اور اس میگا ایونٹ سے قبل پاکستان کے فیصلے اور آئی سی سی کے ممکنہ ردعمل پر عالمی کرکٹ حلقوں کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔

شیئر کریں