طویل عرصے کے بعد پہلی مرتبہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل ایک ہی سال میں دنیا میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنی بن گئی ہے۔ یہ ایک اہم تبدیلی ہے کیونکہ 2011 سے 2024 تک جنوبی کورین کمپنی سام سنگ مسلسل دنیا میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنی رہی تھی۔
تاہم 2025 میں ایپل نے سام سنگ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی سطح پر سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
مارکیٹ ریسرچ ادارے کاؤنٹر پوائنٹ کی رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران ایپل کا عالمی مارکیٹ شیئر 20 فیصد رہا۔ دوسرے الفاظ میں کہا جائے تو دنیا بھر میں فروخت ہونے والے ہر پانچ میں سے ایک اسمارٹ فون آئی فون تھا، جو ایپل کی مضبوط مارکیٹ پوزیشن کو ظاہر کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایپل کے اسمارٹ فونز کی فروخت میں 2024 کے مقابلے میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس اضافے کی بڑی وجہ ایپل کے نئے ماڈلز کی غیر معمولی مقبولیت قرار دی جا رہی ہے۔
سال کے دوران آئی فون 16 سیریز کو صارفین کی جانب سے خاصی پذیرائی ملی، جبکہ سال کی آخری سہ ماہی میں آئی فون 17 سیریز کی مانگ میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس نے ایپل کی مجموعی فروخت کو مزید تقویت دی۔
دوسری جانب جنوبی کورین کمپنی سام سنگ 19 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ اگرچہ سام سنگ کے فونز کی فروخت میں بھی سالانہ بنیاد پر 5 فیصد اضافہ ہوا، مگر یہ اضافہ ایپل کو پیچھے چھوڑنے کے لیے کافی ثابت نہ ہو سکا۔
تیسرے نمبر پر چینی کمپنی شیاؤمی رہی جس کا عالمی مارکیٹ شیئر 13 فیصد رہا، جبکہ ویوو اور اوپو بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہیں۔
اس سے قبل نومبر میں شائع ہونے والی کاؤنٹر پوائنٹ کی ایک رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی تھی کہ ایپل 2029 تک دنیا میں سب سے زیادہ اسمارٹ فونز فروخت کرنے والی کمپنی بن سکتی ہے، اور موجودہ اعداد و شمار اس پیش گوئی کو درست ثابت کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کووڈ 19 کی وبا کے دوران خریدے گئے اسمارٹ فونز اب بڑی تعداد میں اپ گریڈ کیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح 35 کروڑ سے زائد پرانے آئی فونز 2023 سے 2025 کی دوسری سہ ماہی کے دوران فروخت ہو چکے ہیں، جن کے صارفین کی جانب سے آئندہ برسوں میں نئے آئی فون ماڈلز خریدنے کا قوی امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق یہی رجحان مستقبل میں بھی ایپل کی فروخت اور مارکیٹ شیئر میں مزید اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

