میٹا کی جانب سے فیس بک اور میسنجر میں ایک اہم تبدیلی کی جا رہی ہے جو کم عمر صارفین کو زیادہ پسند نہیں آئے گی۔
میٹا اب فیس بک اور میسنجر میں متعدد کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس کو ٹین (teen) اکاؤنٹس میں منتقل کیا جائے گا۔
اس کا مقصد کم عمر صارفین کو آن لائن تحفظ فراہم کرنا ہے اور ایسے کروڑوں اکاؤنٹس خودکار طور پر پرائیویٹ ہو جائیں گے۔
یہ اقدام اس وقت کیا گیا ہے جب کمپنی کے مطابق کروڑوں کم عمر صارفین فیس بک اور میسنجر اکاؤنٹس استعمال کر رہے ہیں۔
میٹا کی جانب سے ٹین اکاؤنٹس کو سب سے پہلے ستمبر 2024 میں انسٹا گرام کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔
بعد میں اسے امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور آسٹریلیا میں فیس بک اور میسنجر صارفین کے لیے بھی متعارف کرایا گیا۔
اب ٹین اکاؤنٹس کو دنیا بھر میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے 13 سے 15 سال کی عمر کے صارفین کے اکاؤنٹس کو اس کیٹیگری میں منتقل کیا جائے گا۔
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کو استعمال کرکے ایسے کم عمر صارفین کی نشاندہی کی جائے گی۔
ٹین اکاؤنٹس سے والدین یہ نگرانی کرسکیں گے کہ ان کے بچے میٹا کی ایپس کو کیسے استعمال کرتے ہیں۔
ان صارفین تک مختلف اقسام کے مواد کی رسائی بھی محدود کی جائے گی۔
واضح رہے کمپنی کی جانب سے یہ اقدامات اس وقت کیے جا رہے ہیں جب اسے کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے ناکافی اقدامات کرنے پر مختلف ممالک کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اس سے قبل 2021 میں میٹا نے انسٹا گرام میں 19 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو ایسے کم عمر صارفین کو ڈائریکٹ میسج بھیجنے سے روک دیا تھا، جو ان کو فالو نہیں کرتے تھے۔
2023 میں میٹا کی جانب سے انسٹا گرام کے 18 سال سے کم عمر صارفین کو رات گئے تک جاگ کر ایپ کے استعمال سے روکنے کے لیے ایک ٹول متعارف کرایا گیا تھا۔
اسی طرح میٹا کی جانب سے فیس بک اور انسٹا گرام پر نئی پالیسیوں کے تحت 18 سال سے کم عمر صارفین کے لیے خودکشی، خود کو نقصان پہنچانے اور ایٹنگ ڈس آرڈرز (eating disorders) جیسے حساس مواد تک سرچ اور ایکسپلور جیسے فیچرز کے ذریعے رسائی کو مشکل بنایا گیا۔
جنوری 2024 میں کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے نئی میسجنگ پابندی کا اطلاق کیا گیا۔
اس وقت کمپنی نے بتایا تھا کہ اب بائی ڈیفالٹ سیٹنگز کے تحت کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس کو اجنبی افراد میسج نہیں بھیج سکیں گے یا گروپ چیٹس میں شامل نہیں کر سکیں گے۔

