چشتیاں شوگر مل روڈ پر ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جب عوام نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو موقع پر ہی دبوچ لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ڈاکو واردات کی نیت سے آیا تھا، مگر موقع پر موجود لوگوں نے اس کے ارادے بھانپ کر اسے فرار ہونے کا موقع نہ دیا اور فوری طور پر قابو کر لیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ڈاکو کی شناخت رضوان کے نام سے ہوئی ہے جو اس سے پہلے بھی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم کا تعلق فرید کوٹ کے ایک ڈاکو گروہ سے بتایا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکو کے دیگر ساتھی موقع کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
عوام کی جانب سے ڈاکو کو زندہ پکڑنے پر پولیس نے شہریوں کی جرات کو سراہا ہے۔ دوسری جانب شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس علاقے میں سیکورٹی میں مزید بہتری لائی جائے تاکہ آئندہ اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

