پاکستان کی کامیابیوں پر فخر، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے: امیرِ قطر

دوحہ : امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا ہے کہ قطر کو پاکستان اور اس کی کامیابیوں پر فخر ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران امیرِ قطر نے قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور ان کی تعداد بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ صدر زرداری نے امیرِ قطر کو پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔

دونوں رہنماؤں نے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ صدرِ مملکت نے قطر کی ترقی اور امیرِ قطر کی دانشمندانہ قیادت کی تعریف کی۔

امیرِ قطر نے پاکستان، سعودی عرب دفاعی معاہدے کو مثبت اور بروقت قدم قرار دیا اور کہا کہ پاکستان ایک منفرد ملک ہے جو بیک وقت چین، مغربی ممالک اور خلیجی ریاستوں کے ساتھ مضبوط تعلقات رکھتا ہے۔

ملاقات کے دوران صدر زرداری نے دفاع، دفاعی پیداوار، زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز دی، جبکہ قطر کے افغانستان سے متعلق کردار اور دوحہ مذاکرات کی میزبانی کو سراہا۔

امیرِ قطر نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا اور متعلقہ حکام کو فوری رابطے بڑھانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور افغانستان اپنے اختلافات دور کر کے علاقائی امن کو فروغ دیں گے۔

امیرِ قطر نے صدرِ پاکستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ آئندہ سال کے آغاز میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور پاکستانی سفیر بھی شریک تھے۔

اس سے قبل صدر آصف علی زرداری نے قطر کے وزیراعظم و وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی سے عالمی سماجی ترقیاتی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

صدر زرداری نے اسرائیلی جارحیت کے دوران قطر کے کردار اور قومی سلامتی کے تحفظ کے اقدامات کو سراہا۔ قطر کے وزیراعظم نے پاکستانی عوام اور افواج کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے جس جرات مندی کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں جاری کوششیں خطے میں پائیدار امن کا باعث بنیں گی۔

شیئر کریں