میٹا نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے اشتراک سے منعقدہ تقریب "فیوچر اِن فوکس: اے آئی اینڈ انوویشن” میں پاکستان میں مصنوعی ذہانت (AI) کی تعلیم اور سرکاری ڈیجیٹل تبدیلی کے تجرباتی پروگرام کے آغاز کا باضابطہ اعلان کیا۔
ان اقدامات کا مقصد ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنا اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کو قومی سطح پر وسعت دینا ہے۔
تقریب کے دوران بتایا گیا کہ اب پاکستانی صارفین میٹا اے آئی سے انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں بھی بات چیت کر سکیں گے — جو ملک میں ٹیکنالوجی تک عوامی رسائی کا نیا سنگِ میل ثابت ہوگا۔
اس موقع پر کمپنی نے "ٹرانسفارمنگ پبلک سیکٹر انوویشن اِن ایشیا پیسیفک وِد لاما” کے عنوان سے رہنما دستاویز کا مقامی ایڈیشن بھی متعارف کرایا، جو ڈیلوئٹی کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔
یہ گائیڈ، وزارتِ آئی ٹی کی معاونت سے تیار کی گئی ہے، جس میں وضاحت کی گئی ہے کہ میٹا کا اوپن سورس اے آئی ماڈل "لاما” کس طرح حکومتی کارکردگی کو بہتر، عوامی خدمات کو مؤثر اور ڈیٹا خودمختاری کو مضبوط بنا سکتا ہے۔
رہنما دستاویز میں ایشیا پیسیفک کے مختلف ممالک بشمول پاکستان کی کامیاب مثالوں کی بنیاد پر بہترین طریقہ کار بھی پیش کیے گئے ہیں۔

