اسلام آباد:سپریم کورٹ کے رجسٹرار محمد سلیم خان نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ساتھی افسران اور عملے نے ان کی خدمات کو سراہا۔
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے رجسٹرار محمد سلیم خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو پیش کر دیا۔ ذرائع کے مطابق محمد سلیم خان اس وقت 45 روز کی رخصت پر ہیں، جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فخر زمان کو رجسٹرار سپریم کورٹ کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔
محمد سلیم خان نومبر 2024 میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے رجسٹرار کے طور پر تعینات ہوئے تھے۔ وہ اس سے قبل پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے سینئر افسر اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں سابق رجسٹرار جزیلہ اسلم کی جگہ تین سالہ مدت کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔
عہدے سے دستبرداری کے موقع پر سپریم کورٹ میں ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سمیت دیگر معزز ججز نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران چیف جسٹس نے محمد سلیم خان کی عدالتی خدمات، دیانت داری اور انتظامی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔
اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے عدالتی نظام میں ان کے مؤثر کردار، بہتر انتظامی ہم آہنگی اور عدالت کی معاونت میں ان کے فعال کردار کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
محمد سلیم خان نے اس موقع پر چیف جسٹس اور دیگر ججز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سپریم کورٹ میں خدمات انجام دینا ان کے لیے ایک اعزاز رہا۔ ذرائع کے مطابق، انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر اپنی مدت مکمل ہونے سے قبل ہی استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔

