بہاولنگر ہارون آباد روڈ حادثہ: ٹریٹر کی ٹکر سے ایک طالبہ جاں بحق، سات شدید زخمی

بہاولنگر: ہارون آباد روڈ پر قینچی موڑ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹریلر نے طالبات سے بھرا رکشہ ٹکر دے ماری۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ رکشہ بری طرح تباہ ہو گیا اور ٹکر کے فوراً بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

واقعے میں ایک طالبہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، جبکہ سات طالبات شدید زخمی ہوئیں، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ٹریلر کا ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور صورتحال کو کنٹرول کیا۔ اہلِ علاقہ نے حادثے پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سڑک پر تیز رفتاری اور اوورلوڈنگ کے خلاف مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں