فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مصر کے صدر سے ملاقات، باہمی تعلقات اور تعاون کے فروغ پر گفتگو

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دورۂ مصر کے دوران قاہرہ کے اتحادیہ محل میں مصری صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مصری قیادت کے کردار کو سراہا، جبکہ صدر السیسی نے عالمی اور مسلم اُمہ کے معاملات میں پاکستان کے مثبت اور فعال کردار کی تعریف کی۔

ملاقات کے دوران فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور مصر کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے، اور باہمی اسٹریٹجک مفادات کے حوالے سے تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔

شیئر کریں