عمران خان کو مفاہمت کا راستہ اختیار کرنے کی تجویز دیں،شاہ محمود قریشی

لاہور (ویب ڈیسک) : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عمران خان کو مفاہمت کی راہ اختیار کرنے کی تجویز پیش کریں۔

تفصیلات کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے پی کے ایل آئی اسپتال میں زیرِ علاج سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی عیادت کی۔ اس موقع پر شوکت بسرا اور ظہیر بابر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے سلمان اکرم راجہ کو کہا کہ وہ بانی چیئرمین عمران خان کو باقی سیاسی جماعتوں سے رابطوں اور مفاہمانہ سیاست کی تجویز دیں تاکہ ملک میں سیاسی کشیدگی کم کی جا سکے۔

سابق وزیر خارجہ نے زور دیا کہ ٹکراؤ کی سیاست کے بجائے اب جمہوریت کے استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور مولوی محمود سمیت پی ٹی آئی کے سابق رہنما بھی شاہ محمود قریشی سے ہسپتال میں ملاقات کر چکے ہیں، جہاں ملک کی سیاسی گرمی میں کمی لانے پر غور کیا گیا تھا۔

شیئر کریں