سونے کی قیمتوں میں آج ایک بار پھر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث عالمی اور مقامی دونوں مارکیٹوں میں سونا خاصا سستا ہو گیا ہے۔ قیمتوں میں اس اچانک کمی نے سرمایہ کاروں اور خریداروں کو حیران کر دیا ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں ہفتے کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 255 ڈالر کی بڑی نوعیت کی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد سونے کی نئی عالمی قیمت 4 ہزار 895 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی دباؤ، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور منافع خوری کے باعث سونے کی قیمتوں میں یہ کمی سامنے آئی ہے۔
اسی طرح پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی کاروباری ہفتے کے آخری روز سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 25 ہزار 500 روپے کی بھاری کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 5 لاکھ 11 ہزار 862 روپے مقرر ہو گئی۔ جبکہ فی 10 گرام سونے کی قیمت 21 ہزار 862 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 38 ہزار 839 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔
ادھر چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان برقرار رہا۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت 2 ہزار 63 روپے کمی کے بعد 9 ہزار 006 روپے ہو گئی، جبکہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت 1 ہزار 768 روپے گھٹ کر 7 ہزار 721 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ اس سے قبل مسلسل دو روز تک عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں تاریخ کا بلند ترین اضافہ دیکھا گیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں قیمتوں کا رجحان عالمی معاشی حالات کے مطابق اتار چڑھاؤ کا شکار رہ سکتا ہے۔

